پاکستان پوسٹ میں PTUDC کے کامریڈز کی تاریخی فتح

پاکستان پوسٹ آفس ڈائریکٹوریٹ جنرل ایمپلائز یونین اسلام آباد کے انتخابات 11 مارچ 2013 کو منعقد ہوئے۔ انتخابی نتائج کے مطابق PTUDC کے کامریڈز کے انقلابی گروپ نے 70% ووٹ لیکر پیپلز پارٹی قیادت اور نام نہاد ’انقلابیوں‘ کے حمایت یافتہ اتحاد گروپ کو تاریخ کی شرمناک شکست سے دوچار کیا۔ ممکنہ شکست سے بچنے کے لئے اتحاد گروپ نے حالیہ انتخابات کورکوانے کی ہر ممکن کوشش کی اور پیپلز پارٹی کی وفاقی وزارتِ اطلاعات اور پیپلز لیبر فیڈریشن کے حکومتی آشیرباد سے ہائیکورٹ اور NIRC میں دو دفعہ ان انتخابات کے خلاف حکمِ امتناہی حاصل کیا۔

لیکن انقلاب گروپ نے اس دو سالہ قانونی لڑائی میں انتہائی جرات اور ثابت قدمی کامظاہرہ کرتے ہوئے ان کو شکست دیکر 11 مارچ کو انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا۔ محنت کشوں کی روایت پیپلز پارٹی کے اس دورِ حکومت میں کونسا ایسا حربہ ہے جس کو مزدور تحریک کو منتشر کرنے کے لئے استعمال نہیں کیاگیا۔ اس دورِ حکومت کے آغاز میں ہی نام نہاد انقلابیوں کو خرید کر مزدور تحریک کی پیٹھ میں چُھرے گھونپے گئے۔ مزدور تحریک کو سراب دکھانے کیلئے اور مزدوروں کی جدوجہد کو پامال کرنے کیلئے اس روایت کی طرف سے پیپلز لیبر فیڈریشن کی تشکیل کی گئی کہ جس کا واحد مقصد مزدور تحریک کو پسپا کرنے کیلئے موقع پرستوں اور مفاد پرستوں کو باقاعدہ منظم پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ وزارتِ اطلاعات اور پیپلز لیبر فیڈریشن کا مشترکہ ایجنڈا ہی یہی تھا کہ مزدور دشمن حکمتِ عملیاں ترتیب دی جائیں۔

پاکستان پوسٹ میں بھی پیپلز لیبر فیڈریشن کے کارندوں نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے تھے اور سرمایہ دارانہ پالیسیوں کا نفاذ کے ساتھ ساتھ نجکاری جیسے وحشیانہ مزدور دشمن اقدامات کی راہیں ہموار کرتے ہوئے اپنے کمیشن بنارہے تھے جس کی مزاحمت میں پوسٹ کے مزدور گزشتہ دوسال سے مسلسل قانونی اور عملی جدوجہد میں بر سرِپیکار تھے۔ خصوصاََ انتخابات سے ایک ماہ قبل کے عرصے میں ہر طرح کے مذہبی اور لسانی ہتھ کنڈوں کو استعمال کیا گیا اور ہر ممکنہ طریقے سے ان انتخابات کورکوانے کی سازشیں کی گئی، مگر پوسٹ کے مزدوروں نے ہر قسم کے تعصب کو پچھاڑتے ہوئے مروجہ نظام سے بغاوت کا پرچم سر بلند رکھا اور آخر کار یہ جدوجہد رنگ لائی۔

پاکستان پوسٹ کی اس عظیم تحریک کے اندر PTUDC کی بھر پور مداخلت نے مزدوروں کو اپنی طرف متوجہ کیاجس کی بدولت مرکزی پینل میں PTUDC کے ہمدردچار کامریڈز بھاری اکثریت سے فتحیاب ہوئے۔ ان کامریڈزمیں عمران علی نمائندہ اسسٹنٹ، کامریڈ نیاز علی لاکھو پریس سیکرٹری، کامریڈ سید محمد افضل جعفری بطورسینئیر نائب صدر اور کامریڈ آفتاب خٹک نمائندہ LDC منتخب ہوئے۔ انقلاب گروپ کی صدارت کے امیدوار محمد نسیم اور جنرل سیکرٹری پرویز اختر بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے۔

انتخابات کے اس سارے سماں اور مصروف ترین اوقات کے باوجود پاکستان پوسٹ کی کوئی ایک برانچ بھی تعطل کا شکار نہ ہوسکی اور PTUDC کی باقاعدہ ہفتہ وار برنچ جاری رہی۔ انقلاب گروپ کی اس شاندار کامیابی کے دودن بعد ہونے والی برانچ میں انقلابی جوش و جذبہ کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ اور دوسرے اداروں کے مزدوروں کے ساتھ طبقاتی جڑت بڑھانے کی حکمت عملی تشکیل دی گئی اور مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کا عہد کیاگیا۔ کامریڈزنے اس بات کا اعادہ کیا کہ انتخابات کی کامیابی کے ساتھ حوصلے بلند رکھتے ہوئے محنت کش طبقے کی حتمی فتح کے لئے پوسٹ اور دیگر اداروں کے مزدوروں کو منظم کرتے ہوئے اس خطہ میں سوشلسٹ انقلاب کو یقینی بناتے ہوئے ظلم و استحصال کا خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

 

Source: The Struggle (Pakistan)